تازہ ترینکھیل

فل کراسلی نے 58 سالہ ریفری کیریئر کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

سترہ سال کی عمر میں 1966 ورلڈ کپ کے بعد، ریفری کے طور پر اپنا سفر شروع کیا۔

انگلینڈ کے 75 سالہ فل کراسلی نے 58 سال تک مسلسل فٹبال میچز کی نگرانی کر کے مردوں کے زمرے میں سب سے طویل ریفری کیریئر کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ سفر 24 ستمبر 1967 کو ویسٹ لندن سنڈے فٹبال لیگ ڈویژن 4 کے ایک میچ سے شروع کیا، جب انہوں نے وینلو اور کالڈرون ریزرو ٹیموں کے درمیان میچ میں پہلی بار ریفری کے فرائض انجام دیے۔

فل نے ریفری کی حیثیت سے اپنی ابتدا اس وقت کی جب وہ محض 17 سال کے تھے اور انگلینڈ نے 1966 کا ورلڈ کپ جیتا تھا۔ ان کا پہلا میچ لندن کے اولڈ ڈئیر پارک میں ہوا، جس میں وینلو نے 1-3 سے فتح حاصل کی۔

تقریباً چھ دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں فل نے انگلینڈ میں مختلف سطحوں پر ہزاروں میچز سپروائز کیے اور فٹبال میں آنے والی کئی بڑی تبدیلیوں کا مشاہدہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ 1984 میں فٹبال لیگ کی ایلیٹ لسٹ میں شامل کیے جانے کا لمحہ ان کے لیے سب سے زیادہ قابلِ فخر تھا۔

فل کراسلی نے گراس روٹس فٹبال کے فروغ کو ہمیشہ ترجیح دی۔ ان کا کہنا ہے کہ جب دو ٹیمیں کھیل سے لطف اندوز ہو رہی ہوں اور ایک تربیت یافتہ ریفری موجود ہو تو یہ نچلی سطح پر کھیل کے لیے بہترین لمحہ ہوتا ہے۔

وہ ہر میچ سے قبل ٹیموں کی تحقیق، میچ رپورٹس کا جائزہ اور اسٹیڈیم کا معائنہ کرتے ہیں، اور عام طور پر میچ سے ایک گھنٹہ قبل میدان میں پہنچتے ہیں۔ ان کے مطابق، ریفری کے لیے پیشگی تیاری پیشہ ورانہ دیانت کا اہم جز ہے۔

فل کا ماننا ہے کہ غلطیاں کھیل کا حصہ ہیں، چاہے ویڈیو اسسٹنٹ ریفری جیسے جدید نظام موجود کیوں نہ ہوں۔ ایک یادگار واقعے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ایک ایف اے کپ میچ میں ابتدائی طور پر انہوں نے متنازع پنالٹی دی تھی، مگر اسسٹنٹ ریفری سے مشورے کے بعد فیصلہ واپس لے لیا۔ ان کے مطابق، یہ واقعہ ان کے لیے عاجزی اور ٹیم ورک کی اہمیت کا پہلا سبق تھا۔

فل کی کہانی صرف طویل کیریئر کی نہیں بلکہ فٹبال سے گہری وابستگی، مستقل مزاجی اور لگن کی بھی عکاس ہے۔ وہ اب بھی ریفری کے فرائض انجام دے رہے ہیں اور 2025/26 سیزن تک میدان میں موجود رہنے کا عزم رکھتے ہیں.

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button