
انڈین اولمپک گولڈ میڈلسٹ نیراج چوپڑا نے 24 مئی کو بنگلورو کے سری کانتیراوا اسٹیڈیم میں ہونے والے پہلے ’’نیراج چوپڑا کلاسک‘‘ میں پاکستانی جیولن تھرو چیمپئن ارشد ندیم کو شرکت کی باضابطہ دعوت دے دی ہے، جس سے بھارت اور پاکستان کے درمیان کھیلوں کے میدان میں تعاون اور مثبت روابط کی امید پیدا ہو گئی ہے۔
نیراج نے پیر کے روز ایک ورچوئل پریس کانفرنس میں بتایا کہ ان کی ارشد ندیم سے بات ہوئی ہے۔ نیراج کے بقول، ارشد نے کہا ہے کہ وہ اپنے کوچ سے مشورہ کر کے حتمی فیصلہ کریں گے تاہم ابھی تک ان کی شرکت کی تصدیق نہیں ہوئی۔
نیراج نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ارشد شرکت کرتے ہیں تو اس میں حکومتی سطح پر بھی کچھ معاملات شامل ہوں گے، اس لیے حتمی فہرست تمام تصدیقات کے بعد ہی جاری کی جا سکے گی۔
نیراج چوپڑا کلاسک کے پہلے ایڈیشن میں صرف مردوں کا جیولن تھرو مقابلہ رکھا گیا ہے، تاہم منتظمین مستقبل میں دیگر ایونٹس شامل کرنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔ نیراج کا کہنا تھا کہ یہ ایونٹ ہر سال منعقد کیا جائے گا تاکہ بھارت میں ایتھلیٹکس کے معیار کو عالمی سطح تک بلند کیا جا سکے۔
انہوں نے عالمی سطح کے کئی نمایاں ایتھلیٹس کی شرکت کی تصدیق کی، جن میں دو مرتبہ کے سابق عالمی چیمپئن اور اولمپک میڈلسٹ اینڈرسن پیٹرز، سابق اولمپک چیمپئن تھامس روہلر، سابق عالمی چیمپئن اور اولمپک میڈلسٹ جولیئس ییگو، دنیا کے موجودہ سیزن لیڈر کرٹس تھامپسن (87.76 میٹر تھرو)، اور پیرس اولمپک فائنلسٹ لوئز ماریسیو ڈا سلوا شامل ہیں۔
نیراج نے اس ایونٹ کو بھارتی ایتھلیٹس کے لیے ایک نئے بین الاقوامی پلیٹ فارم کے طور پر متعارف کرواتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد ملک میں ایتھلیٹکس کو فروغ دینا اور عالمی معیار کے مقابلوں کا تجربہ فراہم کرنا ہے۔