پاکستانتازہ ترینروزگار

پنجاب میں پاکستان کی پہلی بلٹ ٹرین اور ائیر پنجاب منصوبے کی منظوری

یہ منصوبے عوامی سہولت اور اقتصادی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے: پنجاب حکومت

پنجاب حکومت نے پاکستان کے پہلے بلٹ ٹرین اور ایئر پنجاب ایئر لائن منصوبوں کی منظوری دے دی ہے، جو نہ صرف عوامی سفری سہولت میں اضافے کا باعث بنیں گے بلکہ صوبے کے اقتصادی مواقع میں بھی اضافہ کریں گے۔

پاکستان میں پہلی بار صوبائی سطح پر ایئر لائن کا منصوبہ ائیر پنجاب کے نام سے زیرِ غور ہے، جس کے تحت پنجاب کی پہلی ائیر لائن کی بنیاد رکھی جائے گی۔ ابتدائی طور پر چار ائیر بس طیارے کرائے پر لیے جائیں گے، جو صوبے کی مختلف اہم مقامات کو آپس میں جوڑیں گے۔ یہ منصوبہ پنجاب کے شہریوں کو اندرونِ ملک بہتر سفری سہولت فراہم کرے گا۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے لاہور اور راولپنڈی کے درمیان ایک جدید بلٹ ٹرین سروس کا آغاز کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ حکام کے مطابق، بلٹ ٹرین سروس کی تکمیل کے بعد لاہور اور راولپنڈی کے درمیان سفر کا دورانیہ اڑھائی گھنٹے تک محدود ہو جائے گا۔ یہ منصوبہ عوامی نقل و حمل کے نظام میں انقلاب لانے کے ساتھ ساتھ کاروباری افراد، طلبہ اور دیگر شہریوں کے لیے ایک تیز اور محفوظ سفر کی سہولت فراہم کرے گا۔ اس منصوبے سے نہ صرف لوگوں کو بہتر سفری سہولت ملے گی بلکہ اقتصادی مرکزوں کے درمیان آسان رسائی سے تجارتی سرگرمیاں بھی تیز ہوں گی، جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

اس کے علاوہ، حکومت نے دیگر ماس ٹرانزٹ منصوبوں پر بھی کام شروع کر دیا ہے جن میں لاہور یلو لائن، گجرانوالہ ماس ٹرانزٹ لائن اور پنجاب بھر میں چھ دیگر ہائی سپیڈ ٹرین روٹس شامل ہیں۔ ان روٹس کے ذریعے صوبے کے مختلف شہروں کو تیز رفتار ٹرین سروس سے جوڑا جائے گا، جس سے نہ صرف سفر کا وقت کم ہو گا بلکہ علاقائی ترقی میں بھی تیزی آئے گی۔

امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ منصوبے نہ صرف نوجوانوں اور متوسط طبقات کے لیے سفری سہولت اور روزگار میں اضافے کا سبب بنیں گے وہیں پورے صوبے کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button