
پاکستان سمیت متعدد ممالک میں سنیپ چیٹ کو بڑی بندش کا سامنا
اتوار کی شام سے اب تک 50 فیصد سے زائد پاکستانی صارفین کو سروس میں رکاوٹ کا سامنا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم سنیپ چیٹ کو دو روز سے عالمی بندش کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کے باعث پاکستان سمیت متعدد ممالک میں صارفین کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔
صارفین نے شکایت کی ہے کہ وہ نہ تو پیغامات بھیج پا رہے ہیں، نہ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں اور نہ ہی اپنے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر پا رہے ہیں۔
آؤٹیج مانیٹرنگ ویب سائٹ "ڈاؤن ڈیٹیکٹر” کے مطابق، اس تکنیکی خرابی سے ہزاروں صارفین متاثر ہوئے، جن میں پاکستان، برطانیہ اور فرانس سرفہرست ہیں۔ پاکستان کے مختلف بڑے شہروں جیسے لاہور، کراچی، راولپنڈی اور پشاور میں سنیپ چیٹ کی بندش کی شکایات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے اعداد و شمار کے مطابق، 57 فیصد صارفین ایپ سے لاگ آؤٹ ہو گئے، 24 فیصد کو سنیپ بھیجنے میں مشکلات کا سامنا تھا، جبکہ 18 فیصد صارفین مواد اپ لوڈ نہیں کر پا رہے تھے۔ شام 6 بجے تک تقریباً 53 فیصد پاکستانی صارفین مسائل کی شکایت کر رہے تھے۔
ابھی تک سنیپ چیٹ کی جانب سے اس بندش کے حوالے سے کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی گئی، تاہم ٹیکنالوجی ماہرین کا خیال ہے کہ ممکنہ طور پر یہ سرور سائیڈ خرابی یا حالیہ اپ ڈیٹ میں کسی بگ کی وجہ سے پیش آیا ہو سکتا ہے۔
کچھ صارفین نے بتایا کہ وی پی این کے ذریعے سنیپ چیٹ تک رسائی ممکن تھی، جس سے یہ تاثر ملا کہ شاید مخصوص علاقوں میں سروس کی رسائی محدود کی گئی ہو۔ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے ہیٹ میپ سے معلوم ہوا کہ یہ بندش صرف علاقائی نہیں بلکہ عالمی سطح پر پھیلی ہوئی تھی۔