
آسٹریلوی موٹو کراس چیمپیئن جوئیل ایوانز، جو 2025 کی قومی موٹو کراس چیمپیئن شپ میں کوئنز لینڈ کی نمائندگی کر رہے تھے، اتوار کو ایڈلیڈ کے گل مین سپیڈوے میں ریس کے دوران حادثے کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گئے۔ حادثہ چیمپیئن شپ کے تیسرے راؤنڈ میں اس وقت پیش آیا جب 30 سالہ ایوانز ایک موڑ پر توازن برقرار نہ رکھ سکے اور شدید زخمی ہو گئے۔
منتظمین کے مطابق، واقعے کے فوراً بعد ریس روک دی گئی اور امدادی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، تاہم ایوانز اسپتال منتقل کیے جانے کے باوجود جانبر نہ ہو سکے۔
ایوانز ایک تجربہ کار اور باصلاحیت موٹو کراس ایتھلیٹ تھے، جنہیں کھیل سے وابستہ حلقوں میں قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ ان کی ناگہانی موت پر ساتھی کھلاڑیوں، مداحوں اور کھیل سے وابستہ شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، جہاں انہیں بہادر اور شاندار کھلاڑی قرار دیا جا رہا ہے۔
چیمپیئن شپ منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ راؤنڈز میں جوئیل ایوانز کی یاد میں باقاعدہ خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔