
بنگلہ دیش نے سٹارلنک کو سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کی اجازت دے دی
اس فیصلے سے دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ کی رسائی ممکن ہوگی۔
بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے ایلون مسک کی کمپنی سپیس ایکس کی سٹارلنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کو ملک میں کام کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
یہ منظوری 28 اپریل 2025 کو چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے دی، جس کے بعد بنگلہ دیش جنوبی ایشیا میں سری لنکا کے بعد دوسرا ملک بن گیا ہے جہاں سٹارلنک کی سروس دستیاب ہو گی۔
اس سے قبل، بنگلہ دیش ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹری کمیشن نے 21 اپریل کو سٹارلنک کو ابتدائی منظوری دی تھی ۔ بنگلہ دیش میں سٹارلنک کی فراہمی کا مطالبہ جولائی میں ہونے والے احتجاج کے دوران بھی کیا گیا تھا۔
حکام کا کہنا تھا کہ سٹارلنک کی آمد بنگلہ دیش میں انٹرنیٹ کی رسائی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں روایتی انٹرنیٹ سروسز دستیاب نہیں ہیں۔
حکومت کے اس اقدام سے دیہی علاقوں میں تعلیم، صحت، اور کاروباری مواقع میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔ تاہم، قیمتوں میں کمی اور مقامی ضروریات کے مطابق سروس کی فراہمی کو یقینی بنانا ضروری ہو گا۔