پاکستانتازہ ترین

لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک قومی سلامتی کے مشیر مقرر

موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں خفیہ اداروں کا کردار مؤثر بنانے کے لیے یہ تقرری عمل میں لائی گئی۔

حکومت نے انٹر سروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو قومی سلامتی کا مشیر مقرر کر دیا۔ یہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار کسی حاضر سروس ڈی جی آئی ایس آئی کی اس عہدے پر تقرری ہے۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جنرل عاصم کو قومی سلامتی کا مشیر کا اضافی چارج فوری طور پر سونپ دیا گیا ہے۔ وہ ستمبر 2024 سے آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، اور اب بیک وقت دونوں کلیدی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حالیہ حملے کے بعد پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ سیکیورٹی ماہرین اس تقرری کو قومی سلامتی کے نظام میں انٹیلیجنس کا کردار مضبوط کرنے کی حکمت عملی کا حصہ قرار دے رہے ہیں۔

وزیراعظم کے قومی سلامتی مشیر کا منصب خارجہ پالیسی، سیکیورٹی اور اسٹریٹجک معاملات میں مشاورت کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے، جب کہ وہ قومی سلامتی ڈویژن کے سربراہ بھی ہوتے ہیں، جو وزیراعظم سیکرٹریٹ کے تحت کام کرتا ہے۔

یہ عہدہ اپریل 2022 سے خالی تھا، جب سابق مشیر معید یوسف نے عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس وقت سے اب تک یہ منصب باضابطہ طور پر کسی کو نہیں سونپا گیا تھا۔

جنرل عاصم ملک کی تقرری کو سیکیورٹی اور پالیسی سازی میں ایک تجربہ کار اور مؤثر آواز کی شمولیت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس سے مستقبل میں سیکیورٹی فیصلوں میں انٹیلیجنس کی شراکت بڑھنے کا امکان ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button