
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الحمدللہ عوام کی مشکلات کم ہو رہی ہیں، مریم نواز کی محنت سے پنجاب میں بہتری نظر آ رہی ہے۔لاہور میں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز سے اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں راولپنڈی، اٹک، مری، چکوال، وزیرآباد، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین کے اراکین شامل تھے۔اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال، عوامی مسائل اور حلقوں میں ترقیاتی کاموں پر غور کیا گیا۔اس موقع پر نواز شریف نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب میری طاقت اور عزت ہیں، الحمدللہ عوام کی مشکلات کم ہو رہی ہیں۔نواز شریف نے کہا کہ مریم نواز کی محنت سے پنجاب میں بہتری نظر آرہی ہے، پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں 12 سے 14 روپے میں روٹی ملتی ہے۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ہماری کارکردگی پر سب سے بڑا چیک عوام اور نواز شریف ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے راولپنڈی رنگ روڈ کو دسمبر تک مکمل کرنے اور گوجرانوالہ کے ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔