
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ان لینڈ ریونیو سروس آفیسرز ایسوسی ایشن نے سینیٹر فیصل واؤڈا کے بیان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔گزشتہ روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا، جس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے 1010 گاڑیوں کی خریداری کے معاملے پر غور کیا گیا۔سینیٹر فیصل واؤڈا نے اجلاس میں بتایا کہ ایف بی آر کے 3 افسران نے مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی ہیں، اس معاملے پر فوجداری کارروائی کی جاتی ہے۔اب ان لینڈ ریونیو سروس آفیسرز ایسوسی ایشن نے فیصل واؤڈا کے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان لینڈ ریونیو سروس کے افسران نے کوئی دھمکی نہیں دی۔ان لینڈ ریونیو سروس آفیسرز ایسوسی ایشن کے مطابق سرکاری گاڑیوں کی خریداری قواعد کے مطابق کی گئی، افسران کو بدنام کرنے کی کوشش ناقابل قبول ہے، فیصل واؤڈا الزامات کے ثبوت پیش کریں۔ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ بے بنیاد بیانات افسران کے حوصلے پست کر رہے ہیں جس سے ٹیکس وصولی کے عمل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ان لینڈ ریونیو سروس آفیسرز ایسوسی ایشن نے بھی کہا ہے کہ وہ افسران کی عزت اور وقار کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے۔