قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کا کہنا ہے کہ حکومت سے مذاکراتی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔ہری پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی تبدیلی کی خبریں محض افواہیں ہیں۔عمر ایوب کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دوران ایم این اے صاحبزادہ حامد رضا کے مدرسے پر چھاپہ مارا گیا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مذاکرات میں شامل نہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ 9 مئی اور 26 نومبر کو کمیشن نہیں بنایا گیا۔اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی نہیں آئی لیکن مذاکراتی کمیٹی رہے گی۔اسلام آباد میں حکومتی کمیٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا تھا کہ میں نے پی ٹی آئی سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ امید ہے اپوزیشن کے دوست آج آئیں گے، آج 45 منٹ انتظار کیا، پیغام بھیجا، وہ نہیں آئے، مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔