
صرف مکھن، پنیر اور گوشت کھانے والے شخص کی جِلد سے چکنائی رسنا شروع
اگر آپ گائے کے گوشت، پنیر اور مکھن پر مبنی صرف چربی والی غذائیں کھاتے رہیں تو کیا ہوگا؟ جلد سے تیل نکلنا شروع ہو جائے گا۔ایسا ہی ایک پریشان کن معاملہ فلوریڈا کے ایک اسپتال میں ایک ایسے شخص کا پیش آیا جس نے اپنے ہاتھوں کی ہتھیلیوں، پیروں کے تلووں اور کہنیوں پر تین ہفتوں تک پیلے رنگ کے دھبے دیکھے۔ چالیس سال کے اس شہری نے ڈاکٹروں کو بتایا کہ اس نے آٹھ ماہ قبل گوشت خور خوراک اپنائی تھی۔اس کی خوراک روزانہ 6 سے 9 پاؤنڈ پنیر، مکھن اور ایک برگر پر مشتمل تھی۔ اس نے دعوی کیا کہ اس نے اسے وزن کم کرنے، اس کی توانائی کی سطح کو بڑھانے اور اس کی دماغی صحت کو بہتر بنانے میں مدد کی۔لیکن شہری کا کولیسٹرول لیول 1,000 mg/dL سے تجاوز کر گیا جو کہ 200 mg/dL کی عام سطح سے بہت زیادہ ہے اور 240 mg/dL کو زیادہ سمجھا جاتا ہے۔امراض قلب کے ماہرین نے اس شخص کی تشخیص xanthelasma کے مریض کے طور پر کی۔ یہ ایک ایسی حالت ہے جس میں خون کی نالیوں سے اضافی چربی خارج ہوتی ہے اور جلد پر جمع ہوجاتی ہے۔ عام طور پر خون میں موجود اضافی چربی کو مدافعتی خلیات جذب کر لیتے ہیں لیکن xanthelasma میں چربی کی مقدار خلیات کے لیے بہت زیادہ ہوتی ہے اور اس کے نتیجے میں چربی جلد سے نکلنا شروع ہو جاتی ہے۔