
یورپی یونین کا گوگل پر 2.95 ارب یورو جرمانہ، ٹرمپ کی دھمکیاں مسترد
یورپی یونین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وارننگ کے باوجود ٹیکنالوجی کمپنی گوگل پر 2.95 ارب یورو (3.47 ارب ڈالر) کا بھاری جرمانہ عائد کردیا ہے۔
یورپی کمیشن کے مطابق گوگل نے ایڈٹیک کے شعبے میں اپنی طاقت کا ناجائز استعمال کیا اور پبلشرز، مشتہرین اور صارفین کو نقصان پہنچایا، جو یورپی قوانین کے تحت غیر قانونی ہے۔ کمپنی کو 60 دن کی مہلت دی گئی ہے کہ وہ اپنے کاروباری رویے میں اصلاحی اقدامات بتائے۔
اینٹی ٹرسٹ کمشنر ٹریسا ریبیرا نے عندیہ دیا کہ مسئلے کا واحد حل یہ ہوسکتا ہے کہ گوگل اپنے اشتہاری کاروبار کا کچھ حصہ فروخت کرے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے یورپی یونین کے فیصلے کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر جرمانہ واپس نہ لیا گیا تو امریکا یورپ پر نئے ٹیرف عائد کرسکتا ہے۔
دوسری جانب گوگل نے اس فیصلے کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ایسی پابندیاں ہزاروں یورپی کاروباروں کے لیے نقصان دہ ہوں گی۔