
بیجنگ: وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے دورے کے دوران بیجنگ سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو ٹیلیفون کرکے پاکستان میں سیلابی صورتحال سے متعلق تازہ ترین معلومات حاصل کیں اور ریسکیو و امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو دریائے راوی، چناب اور ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے اور ممکنہ طغیانی کے خطرات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو اب تک کی جانے والی امدادی و حفاظتی کارروائیوں سے بھی تفصیلی طور پر بریف کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ دریاؤں میں ممکنہ طغیانی کے پیش نظر ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کی مکمل تیاری قبل از وقت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ادارے صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں اور عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام فوری طور پر اٹھایا جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کو راوی، چناب اور ستلج میں پانی کی بڑھتی ہوئی سطح کے حوالے سے پیشگی طور پر آگاہ کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
انہوں نے زور دیا کہ متاثرہ علاقوں میں فوری امداد، ریسکیو آپریشنز، اور ضروری وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔