
کامن ویلتھ گیمز 2030 کی میزبانی کیلئے بھارت اور نائیجیریا آمنے سامنے
ویب ڈیسک –
صد سالہ کامن ویلتھ گیمز 2030 کی میزبانی کے لیے عالمی سطح پر دو بڑے ممالک بھارت اور نائیجیریا کے درمیان مقابلہ شدت اختیار کر گیا ہے۔
کامن ویلتھ اسپورٹس کے اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے میزبانی کی باقاعدہ بولیاں (بڈز) جمع کرا دی ہیں۔ اس بار گیمز کی میزبانی کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ 1930 میں ہونے والے پہلے کامن ویلتھ گیمز کو 100 سال مکمل ہو جائیں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 1930 کے گیمز کے میزبان ملک کینیڈا نے اس بار میزبانی کے لیے کوئی پیشکش نہیں کی، جس سے بھارت اور نائیجیریا کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔
بھارت کی جانب سے یہ بولی 2036 اولمپکس کی میزبانی کے لیے راہ ہموار کرنے کی ایک بڑی حکمتِ عملی کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، اور احمد آباد کو ممکنہ میزبان شہر کے طور پر تجویز کیا گیا ہے۔
دوسری جانب نائیجیریا کی کوشش ہے کہ افریقی براعظم کو پہلی بار کامن ویلتھ گیمز کی میزبانی کا موقع ملے، جو براعظمی کھیلوں میں ایک تاریخی قدم ہوگا۔
حتمی فیصلہ آئندہ سال متوقع ہے، جس کے بعد 2030 کی میزبانی کرنے والے ملک کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔