
منور فاروقی کا انکشاف: "میری والدہ نے والد کے ظلم سے تنگ آ کر زہر کھا کر خودکشی کی”
ممبئی: بھارتی کامیڈین اور ‘بگ باس’ کے فاتح منور فاروقی نے اپنی نجی زندگی سے متعلق ایک دل دہلا دینے والا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی والدہ نے گھریلو تشدد سے تنگ آ کر زہر کھا کر خودکشی کر لی تھی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں منور فاروقی نے کہا کہ ان کے والد ان کی والدہ پر مسلسل تشدد کرتے تھے، جس کا سلسلہ ان کے 22 سالہ شادی شدہ تعلق میں جاری رہا۔ منور کے مطابق، جب وہ صرف 13 برس کے تھے، تب ان کی والدہ نے گھریلو ظلم و ستم سے نجات حاصل کرنے کے لیے خودکشی کر لی اور ہمیشہ کے لیے انہیں تنہا چھوڑ گئیں۔
کامیڈین نے مزید بتایا کہ والدہ کے انتقال کے دو سال بعد ان کے والد کو فالج کا حملہ ہوا اور وہ 11 سال تک بستر پر رہے۔ منور کا کہنا تھا کہ وہ ایک طویل عرصے تک والد سے نفرت کرتے رہے اور انہیں والدہ کی موت کا ذمہ دار سمجھتے تھے، مگر وقت کے ساتھ ساتھ انہوں نے والد کو معاف کر دیا۔