پاکستانتازہ ترین

قصور میں بارش کے دوران چھتیں گرنے کے مختلف واقعات، چار افراد جاں بحق

قصور (نمائندہ خصوصی) – قصور کے مختلف علاقوں میں حالیہ شدید بارشوں کے باعث چھتیں گرنے کے افسوسناک واقعات پیش آئے ہیں، جن میں کم از کم چار افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت سات افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق، رنگ پور کے علاقے میں ایک مکان کی چھت گرنے سے 50 سالہ منیر احمد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ مسلسل بارش کے باعث مکان کی چھت کمزور ہو چکی تھی۔

اسی طرح کنگن پور میں پیش آنے والے ایک اور دلخراش واقعے میں 16 سالہ عامر چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر جان کی بازی ہار گیا۔ اسی علاقے میں 50 سالہ ملک نیامت علی بھی اسی نوعیت کے حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔

دریں اثناء، باقر کے کے علاقے میں ایک کچے مکان کی چھت گرنے سے 12 سالہ ذیشان جاں بحق ہو گیا۔ اہلِ علاقہ کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب بارش کے دوران مکان کی چھت اچانک منہدم ہو گئی۔

ان تمام واقعات میں مجموعی طور پر سات افراد زخمی ہوئے، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ملبے سے نکالا اور مقامی اسپتالوں میں منتقل کیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے پیشِ نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ پرانے اور خستہ حال مکانات کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا جا رہا ہے، جبکہ خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button