پاکستانتازہ ترین

پنجاب میں دریاؤں کی طغیانی، سیکڑوں بستیاں زیرِ آب، ہزاروں افراد بے گھر

لاہور (اسٹاف رپورٹر)
پنجاب بھر میں دریائے چناب، ستلج اور راوی میں طغیانی کی صورتحال بدستور برقرار ہے، جس کے باعث سیکڑوں بستیاں زیرِ آب آ گئیں جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ مختلف علاقوں سے 17 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

لاہور: شہری آبادیاں متاثر، راوی میں اونچے درجے کا سیلاب

لاہور کے متعدد علاقوں میں سیلابی پانی داخل ہو چکا ہے۔ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں:

فرخ آباد

عزیز کالونی

امین پارک

افغان کالونی

شفیق آباد

مریدوالا

جیسے علاقے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

رنگ روڈ کے قریب واقع بادامی باغ میں بھی سیلابی پانی داخل ہو چکا ہے جبکہ چوہنگ کے مختلف علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔ ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں پانی داخل ہونے پر مکینوں نے فوری طور پر علاقہ خالی کر دیا۔

نارنگ منڈی اور نارووال میں تباہی

نارنگ منڈی میں دریائے راوی کی طغیانی نے تباہی مچا دی، ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی زیرِ آب آ گئی ہے، جبکہ مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ کئی دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔

نارووال کے درجنوں دیہات بھی سیلابی ریلوں کی زد میں ہیں، جہاں کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔
شکرگڑھ-نارووال روڈ زیرِ آب آنے کے باعث بند ہو گئی ہے۔
قلعہ احمد آباد میں ریلوے ٹریک سیلاب سے متاثر ہوا ہے، جس کی وجہ سے ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہو گئی ہے۔

چنیوٹ: حفاظتی بند ٹوٹنے سے 100 سے زائد دیہات متاثر

چنیوٹ کی تحصیل لالیاں کے موضع کلری میں حفاظتی بند ٹوٹنے سے 100 سے زائد دیہات پانی کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔
تقریباً 8 لاکھ 5300 کیوسک سے زائد پانی کا ریلا علاقے سے گزر رہا ہے، جس کے باعث ہزاروں افراد نے محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی شروع کر دی ہے۔

ساہیوال: بند میں شگاف، صورتحال تشویشناک

ساہیوال کے علاقے اورنگ آباد میں بند میں شگاف پڑنے کے باعث قریبی آبادیاں زیرِ آب آ گئی ہیں۔ انتظامیہ نے فوری طور پر مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

حکام کی اپیل

ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 سے فوری رابطہ کریں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button