پاکستانتازہ ترین

مریم نواز کا ہنگامی دورہ، راوی کے سیلابی علاقوں کا کشتی میں جائزہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر کشتی کے ذریعے سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے انہیں دریائے راوی میں پانی کی سطح، متاثرہ علاقوں اور ریسکیو آپریشنز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

حکام کے مطابق بھارت کی جانب سے سیلابی پانی چھوڑے جانے کے باعث دریائے راوی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے، اور آج دوپہر تک 2 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کشتی کے ذریعے موقع پر پہنچ کر نہ صرف انتظامات کا جائزہ لیا بلکہ متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کیں کہ نشیبی علاقوں میں موجود شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے، اور امدادی سرگرمیوں میں کوئی تاخیر نہ ہو۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا تھا۔ دورانِ پرواز، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کو سیلابی صورتحال اور جاری ریسکیو آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پنجاب بھر میں سیلاب سے متعلقہ مختلف حادثات میں اب تک 12 قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریسکیو ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اور حکومت عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ "یہ ایک قومی آزمائش ہے، جس سے نمٹنے کے لیے ہمیں یکجہتی، ہمدردی اور قومی جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا۔ بطور قوم ہم اس قدرتی آفت کو ضرور شکست دیں گے۔”

پنجاب حکومت کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ریلیف آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button