
لاہور: وزیراعظم شہباز شریف وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہمراہ سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے لیے روانہ ہو گئے۔
دورے سے قبل وزیراعظم کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے سیلابی صورتحال، پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی، زیرِ آب علاقوں کی تفصیلات اور جاری ریسکیو و ریلیف آپریشنز پر جامع بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے فضائی جائزے کے دوران متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ متاثرین کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی وزیراعظم کے ہمراہ لاہور سے نارووال روانہ ہوئیں جہاں دونوں رہنماؤں نے سفر کے دوران سیلابی صورتحال اور ریلیف اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی۔
نارووال پہنچ کر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں، متاثرین کی بحالی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔