اسلام آباد (اسپیشل رپورٹر)
مائیکروسافٹ کے بانی اور عالمی فلاحی شخصیت بل گیٹس کی تنظیم "گیٹس فاؤنڈیشن” نے پاکستان کے حالیہ سیلاب متاثرین کے لیے ایک ملین ڈالر امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ امداد عالمی ادارۂ صحت (WHO) کے توسط سے پاکستان کے 33 متاثرہ اضلاع میں خرچ کی جائے گی، جہاں 4 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد براہ راست فائدہ اٹھائیں گے۔
گیٹس فاؤنڈیشن کی اس بروقت انسانی ہمدردی پر عالمی ادارۂ صحت کے نمائندے ڈاپنگ لو نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مالی امداد نہ صرف سیلاب متاثرین کو فوری طبی سہولیات مہیا کرے گی بلکہ ان کی زندگیاں بچانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گی۔
ڈاپنگ لو نے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا اور کہا کہ:
"ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے مون سون کا نظام شدت اختیار کر چکا ہے، جس کے باعث قدرتی آفات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسی صورتحال میں مؤثر تیاری اور بروقت ردعمل وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔”
عالمی ادارہ صحت کے مطابق، 26 جون سے 27 اگست 2025 کے دوران ملک بھر میں سیلاب اور بارشوں سے 802 افراد جاں بحق اور 1,088 زخمی ہوئے، جبکہ 5,584 مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او اب تک 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد متاثرین کو طبی امداد فراہم کر چکا ہے۔
ادھر چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے مطابق، آئندہ 25 سے 45 دنوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے، جس کے پیش نظر ارلی وارننگ سسٹم فعال کر دیا گیا ہے۔
اب تک سیلاب اور طوفانی بارشوں سے:
7,465 مکانات مکمل تباہ
658 کلومیٹر سڑکیں متاثر
238 پل تباہ
7 صحت مراکز مکمل طور پر تباہ اور
89 مراکز کو نقصان پہنچا ہے۔
ان نقصانات میں سب سے زیادہ تباہی خیبرپختونخوا میں دیکھی گئی ہے۔
عالمی یکجہتی کی مثال
بل گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے اس امداد کا اعلان ایک بار پھر اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ عالمی برادری پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ انسانی جانوں کے تحفظ اور صحت عامہ کی بہتری کے لیے بین الاقوامی تعاون نہایت اہم ہے۔





