سیالکوٹ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی شدید بارش نے گزشتہ 11 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 335 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث رنگ پورہ، علامہ اقبال چوک، دارا آرائیاں، پریم نگر اور دیگر علاقے زیرِ آب آ گئے۔
نالہ ڈیک میں شدید طغیانی کے باعث متعدد دیہات سیلابی پانی میں گھر گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق متاثرہ آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے 27 اگست 2025 (آج) کو ضلعی سطح پر ہنگامی تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ یہ فیصلہ شہر میں مسلسل بارش، سیلابی صورتحال اور عوامی تحفظ کے پیشِ نظر کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ:
"بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، دریاؤں، ندی نالوں سے دور رہیں، اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔ دفعہ 144 نافذ ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔”
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ایمرجنسی صورت حال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔





