
ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف پاکستان ٹیم، دوسرے پریکٹس میچ میں سلمان آغا الیون کی فتح
لاہور — ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں جاری دوسرے پریکٹس میچ میں سلمان آغا الیون نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صائم ایوب الیون کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صائم ایوب الیون نے مقررہ اوورز میں 136 رنز اسکور کیے۔ فہیم اشرف 23 گیندوں پر 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جب کہ فخر زمان نے 27 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔
سلمان آغا الیون کی جانب سے اسپنر ابرار احمد نے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جارحانہ بیٹنگ، ہدف کا تعاقب کامیاب
جواب میں ہدف کے تعاقب میں سلمان آغا الیون نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔ حسن نواز نے صرف 19 گیندوں پر 42 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جب کہ کپتان سلمان علی آغا نے 23 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔
محمد حارث نے 18 گیندوں پر 32 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا اور ناٹ آؤٹ رہے۔
صائم ایوب الیون کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور صائم ایوب نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، تاہم وہ ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔
پاکستان ٹیم کل آرام کرے گی
پاکستان کرکٹ ٹیم کل آرام کرے گی، جب کہ اگلا پریکٹس سیشن آئندہ روز شیڈول ہے۔ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ مسلسل لیا جا رہا ہے تاکہ ورلڈ کپ اسکواڈ کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا سکے۔