اوورسیزتازہ ترین

برطانیہ میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 3 افراد جاں بحق

آئل آف وائٹ (Isle of Wight)، برطانیہ — برطانیہ کے جزیرے آئل آف وائٹ میں پیر کی صبح ایک تربیتی پرواز کے دوران ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں پائلٹ سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر سینڈاؤن ایئرپورٹ سے صبح 9 بجے روانہ ہوا تھا۔ نارتھمبریا ہیلی کاپٹرز کے ترجمان کے مطابق پرواز تربیتی مشق کے طور پر کی جا رہی تھی، اور اس میں مجموعی طور پر چار افراد سوار تھے۔

حادثے کے تقریباً 24 منٹ بعد، شینکلن کے علاقے میں واقع ایک کھیت کے قریب ہیلی کاپٹر کے گرنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ مقامی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، علاقے کو گھیرے میں لے کر قریبی سڑک کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر موجود تین افراد کی لاشیں نکالیں، جبکہ چوتھے زخمی فرد کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمی کی حالت کے بارے میں فی الحال تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے برطانیہ کی ایئر ایکسیڈنٹس انویسٹی گیشن برانچ (AAIB) نے جائے حادثہ پر ماہرین کی ٹیم روانہ کر دی ہے، جو شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کرے گی۔

متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے نارتھمبریا ہیلی کاپٹرز نے واقعے کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ کمپنی متعلقہ حکام کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button