راجر فیڈرر ارب پتی ٹینس اسٹارز کی فہرست میں شامل، دولت کا تخمینہ 1.1 ارب ڈالر
سابق سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر دنیا کے 7 ارب پتی پلیئرز کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ امریکی جریدے فوربز کی حالیہ رپورٹ کے مطابق فیڈرر کی مجموعی دولت کا تخمینہ 1.1 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔
اگرچہ فیڈرر نے 2022 میں ریٹائرمنٹ لے لی تھی، مگر کھیل کے دوران اور اس کے بعد کے کاروباری معاہدوں سے وہ مسلسل بڑی کمائی کرتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں تقریباً ایک ارب ڈالر کورٹ سے باہر معاہدوں اور اسپانسرشپس سے کمائے۔
فیڈرر مسلسل 16 سال تک دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے ٹینس پلیئر رہے، اور 2020 میں انہوں نے 106.3 ملین ڈالر کمائے جو دنیا بھر کے تمام ایتھلیٹس میں سب سے زیادہ تھی۔
رواں برس سب سے زیادہ کمائی کرنے والے فعال ٹینس پلیئر اسپین کے کارلوس ایلکاراز رہے، جنہوں نے 12 ماہ میں 48.3 ملین ڈالر اپنے کھاتے میں جمع کرائے۔
خواتین میں امریکی اسٹار کوکو گوف تیسرے نمبر پر رہی، جنہوں نے گزشتہ سال 37.2 ملین ڈالر کمائے اور وہ دنیا کی سب سے زیادہ آمدن پانے والی خاتون ایتھلیٹ بن گئیں۔




