
ملک کے بیشتر علاقوں بشمول پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں آج سے تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے شدید خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے عوام کو متعددی خبردار کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت چارسدہ، نوشہرہ، صوابی اور مردان میں ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، جبکہ مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور ڈیرہ غازی خان کے نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے سبب ٹریفک بندش کی بھی وارننگ دی ہے۔ شہر اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، سیالکوٹ، پشاور اور نوشہرہ کے نشیبی علاقے بھی بارش کی شدت کی وجہ سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
تیز بارشوں اور آندھی کے دوران کچے مکانات، بجلی کے کھمبے، دیواریں اور بل بورڈز کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر شہریوں اور مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور موسمی حالات سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
آج پنجاب کے مختلف اضلاع جیسے راولپنڈی، اٹک، جہلم، گجرات، گجرانوالہ، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بارش متوقع ہے جبکہ شام یا رات کے وقت سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش کا امکان ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب کے دریاؤں اور ندی نالوں میں 27 اگست تک درمیانے سے اونچے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کی وارننگ دی ہے۔ خاص طور پر دریائے جہلم، چناب، راوی، ستلج اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔ دریائے چناب میں آئندہ 24 گھنٹوں میں سیلاب کا درمیانے سے اونچے درجے کا خدشہ ہے، جبکہ مقبوضہ جموں سے دریائے توی کا پانی چناب میں شامل ہو رہا ہے، جو گجرات، منڈی بہاؤالدین، چنیوٹ اور جھنگ کے قریبی علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے گجرات و سیالکوٹ کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات دیتے ہوئے نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ حکومت پنجاب نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس بھی قائم کر دیے ہیں، جہاں بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی۔
مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ جانے کی وجہ سے محکمہ موسمیات نے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی تاکید کی ہے۔ نیز، دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیرو تفریح سے پرہیز کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
حکام اور انتظامیہ کی جانب سے تمام متعلقہ محکمے الرٹ پر ہیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ شہریوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی حفاظت کے لیے بروقت اقدامات کریں۔