
گوگل کروم کے مقبول VPN ایکسٹینشن FreeVPN.One پر سیکیورٹی ماہرین کا بڑا انتباہ
سیکیورٹی ماہرین نے گوگل کروم براؤزر کے ایک مقبول VPN ایکسٹینشن FreeVPN.One کے حوالے سے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ یہ ایکسٹینشن ممکنہ طور پر صارفین کی جاسوسی کر رہی ہے۔
FreeVPN.One، جسے ایک لاکھ سے زائد صارفین نے ڈاؤن لوڈ کیا ہے، اپنے صارفین کو ویب سائٹس خفیہ طور پر براؤز کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ تاہم، محققین نے انکشاف کیا ہے کہ یہ ایکسٹینشن ہر اس ویب سائٹ کا اسکرین شاٹ لے رہی ہے جس پر صارف جاتا ہے، جس میں نجی اور حساس معلومات بھی شامل ہو سکتی ہیں جیسے بینکنگ سائٹس، میڈیکل ریکارڈز اور ذاتی تصاویر۔
اگرچہ ایکسٹینشن کا ’اے آئی تھریٹ ڈیٹیکشن‘ نامی فیچر صارف کو خبردار کرتا ہے کہ اسکرین شاٹس لیے جا رہے ہیں، لیکن دیگر اہم معلومات صارفین کی اجازت اور علم کے بغیر اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
FreeVPN.One کے ڈویلپرز کا دعویٰ ہے کہ یہ اسکرین شاٹس صرف مشکوک ویب سائٹس سے لیے جاتے ہیں اور محفوظ طریقے سے ذخیرہ نہیں کیے جاتے، تاہم اس بات کی آزاد تصدیق ممکن نہیں ہے۔
ماہرین صارفین کو تاکید کر رہے ہیں کہ وہ اس طرح کی VPN ایکسٹینشنز کا استعمال کرتے ہوئے انتہائی احتیاط برتیں اور اپنی پرائیویسی کی حفاظت کے لیے معتبر اور قابلِ اعتماد سروسز کا انتخاب کریں۔