ناران (نیوز ڈیسک) — ناران اور جھیل سیف الملوک روڈ پر شدید بارش کے باعث پہاڑی تودہ گرنے سے بند ہونے والی سڑک کو کلیئر کر دیا گیا ہے اور وہاں پھنسے تمام سیاحوں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، بارش کے بعد سیف الملوک جھیل روڈ پر تودہ گرنے سے 150 کے قریب سیاح اور 25 سے زائد گاڑیاں سڑک پر پھنس گئیں تھیں، جس کے بعد انتظامیہ فوری طور پر متحرک ہو گئی۔
محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے مطابق، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی خصوصی ہدایت پر ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سڑک کو کلیئر کیا۔ بعد ازاں سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام سیاح خیریت سے ہیں۔ ریسکیو اداروں اور مقامی انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پا لیا۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے سے پہلے موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔





