
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت بتدریج بہتری کی طرف گامزن ہے اور وقت کے تقاضوں کے مطابق معاشی ترجیحات میں تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک کی آبادی کا 10 سے 15 فیصد حصہ پہلے ہی ڈیجیٹل کاروبار سے مستفید ہو رہا ہے، اور آنے والے وقت میں ڈیجیٹل اثاثوں کا کردار مزید بڑھنے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سرمایہ کاری سستی، برق رفتار اور شفاف ہوتی ہے، لہٰذا اس شعبے میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ریگولیشنز کو مزید بہتر بنانا ضروری ہے۔
محمد اورنگزیب نے اعتراف کیا کہ پاکستان کا بینکنگ نظام دیگر ممالک کی نسبت پیچیدہ ہے، اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں اور تاجروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، کیونکہ سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانا معیشت کی مضبوطی کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات کا عمل جاری ہے، اور حکومتی ترجیح یہی ہے کہ ملکی معیشت کو ڈیجیٹل، شفاف اور مؤثر بنیادوں پر استوار کیا جائے۔