
جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 84 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ سے پہلے دیا بھرپور پیغام
جنوبی افریقہ نے ایک روزہ وارم اپ میچ میں آسٹریلیا کو 84 رنز سے شکست دے کر اپنی بہترین فارم کا مظاہرہ کیا ہے۔ جنوبی افریقہ نے 49.1 اوورز میں 277 رنز کا مضبوط اسکور قائم کیا، جس کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم 37.4 اوورز میں صرف 193 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے میتھیو بریتزکے نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 88 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ ٹرستان سٹبس نے 74 اور ڈی زوری نے 38 رنز کا قیمتی اضافہ کیا۔ آسٹریلیا کے بولرز میں ایڈم زیمپا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا کے بیٹنگ کی شروعات خاصی مایوس کن رہی، ٹریوس ہیڈ، مارنوس لبوشین اور کپتان مچل مارش جلد آؤٹ ہوئے۔ اگرچہ جوش انگلیس نے 87 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، لیکن باقی بیٹنگ لائن پر دباؤ واضح رہا اور وکٹیں مسلسل گرنے لگیں۔
جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر نگیدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 42 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ نندرے برگراور اسنیوران متھوسامی نے بھی دو، دو وکٹیں لیکر ٹیم کو مضبوط سہارا دیا۔
یہ جیت جنوبی افریقہ کے لیے ورلڈ کپ سے قبل ایک حوصلہ افزا کامیابی ہے اور اس نے اپنی تیاریاں بھرپور انداز میں جاری رکھنے کا پیغام دیا ہے۔