
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی رہنما علیمہ خان کے دوسرے بیٹے، شیر شاہ کو بھی پولیس نے لاہور سے حراست میں لے لیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق، شیر شاہ کو اُس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اپنے والد کے ہمراہ عدالت سے واپسی پر تھے۔
اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "جب ہم سیاسی کشیدگی کم کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تو گرفتاریاں شروع ہو جاتی ہیں۔ بانیٔ پی ٹی آئی کے خاندان کو نشانہ بنا کر دانستہ طور پر سیاسی تناؤ پیدا کیا جا رہا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "کل علیمہ خان کے بڑے بیٹے شاہریز کو گرفتار کیا گیا، اور آج شیر شاہ کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ان اقدامات سے صرف سیاسی ماحول میں کشیدگی بڑھے گی۔”
بیرسٹر گوہر نے الزام عائد کیا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو جیل میں تنہا کیا جا رہا ہے اور انہیں اخبارات سمیت بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق، "ایسی حرکات عوام میں غصے اور نفرت کو مزید بڑھا رہی ہیں۔”
واضح رہے کہ یہ گرفتاریاں ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب پی ٹی آئی کی قیادت سیاسی ڈائیلاگ اور تناؤ کے خاتمے کے لیے کوششیں کر رہی ہے، جبکہ حکومتی اقدامات پر مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کا سلسلہ بھی جاری ہے۔