لاہور: 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات میں ملوث ہونے کے الزام میں علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز عظیم کو لاہور پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق شاہ ریز ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھا اور وہ متعدد مقدمات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے مطابق شاہ ریز عظیم کی گرفتاری ایک اہم پیشرفت ہے، اور اسے جلد عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے تاکہ قانونی کارروائی مکمل کی جا سکے۔ حکام نے بتایا کہ ملزم کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے کہا کہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث کسی بھی فرد کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور ملک میں انتشار پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔
یاد رہے کہ 9 مئی کے روز ملک بھر میں فوجی تنصیبات پر حملوں اور جلاؤ گھیراؤ کے متعدد واقعات پیش آئے تھے، جن کے سلسلے میں درجنوں افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، اور تحقیقات کا عمل جاری ہے۔





