
اسلام آباد میں فی الحال کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا کوئی منصوبہ نہیں، چیئرمین سی ڈی اے
اسلام آباد: کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں فی الوقت کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا کوئی حتمی منصوبہ زیر غور نہیں، تاہم شہر میں کھیلوں کے فروغ کے لیے کرکٹ اور فٹبال کے 25، 25 نئے گراؤنڈز تعمیر کیے جائیں گے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ کرکٹ اسٹیڈیم سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے مشاورت ہوئی ہے، تاہم کسی بھی منصوبے پر عملدرآمد ماہرین کی رائے اور سفارشات کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے لوکیشن کا انتخاب بھی ماہرین ہی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کرکٹ گراؤنڈز کی حالت تسلی بخش نہیں ہے، جنہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایف-9 پارک میں واقع گراؤنڈ کو بہتر بنانے کے لیے سابق ٹیسٹ کرکٹر راشد لطیف کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
اس حوالے سے انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ایف-9 پارک میں کسی نئے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں۔ خیال رہے کہ ماضی میں ایسی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ ایف-9 پارک میں کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا، تاہم شہریوں کی جانب سے شدید عوامی ردعمل کے بعد سی ڈی اے نے وضاحت جاری کی کہ پارک کی اصل حیثیت برقرار رکھی جائے گی۔
سی ڈی اے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ادارہ اسلام آباد میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جا سکیں