
اسلام آباد (21 اگست 2025): اسلام آباد پولیس نے غیر مقامی کرایہ داروں کی بائیو ڈیٹا تصدیق اور رجسٹریشن کو یقینی بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ڈی آئی جی اسلام آباد جواد طارق کی زیر صدارت جرائم کے انسداد سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پولیس افسران کو ہدایت دی گئی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جائے۔
اجلاس میں ڈی آئی جی جواد طارق نے واضح ہدایات جاری کیں کہ:
غیر مقامی کرایہ داروں کا مکمل ڈیٹا حاصل کر کے ان کی رجسٹریشن اور تصدیق کو یقینی بنایا جائے۔
اشتیہاری اور سابقہ ریکارڈ یافتہ مجرموں کی فوری گرفتاری کو ترجیح دی جائے۔
پٹرولنگ کو مؤثر بنایا جائے اور ہر افسر کی فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائی جائے۔
متحرک جرائم پیشہ گینگز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کیا جائے۔
غیر قانونی اسلحہ اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔
سرچ آپریشنز کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے۔
ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم کی بیخ کنی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اسلام آباد پولیس کی اس پیش رفت کو شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے ایک مثبت اقدام قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد دارالحکومت کو پرامن اور محفوظ بنانا ہے۔