پاکستانتازہ ترین

اسلام آباد سمیت پانچ اضلاع کو "سیف زون” بنانے کا بڑا اقدام – غیر قانونی غیر ملکیوں کے خلاف مؤثر کارروائی کا آغاز

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت راولپنڈی، اٹک، مری اور ہری پور کو محفوظ ترین علاقے (سیف زونز) بنانے کے لیے حکومت نے اہم اور مؤثر اقدامات اٹھا لیے ہیں۔ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے تاکہ عوام کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں اس حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے، جن کے تحت غیر قانونی غیر ملکیوں کا مکمل ڈیٹا مرتب کیا جائے گا، ان کی رہائش، نقل و حرکت اور دیگر سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔

اہم اقدامات میں شامل:

غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کا مکمل ڈیٹا مرتب کیا جائے گا، جس میں ان کے رہائشی پتے اور دیگر معلومات درج ہوں گی۔

ان غیر ملکیوں کے لیے موبائل سمز کا اجرا بند کر دیا جائے گا۔

جائیداد کی خرید و فروخت اور لین دین کے لیے اسٹامپ پیپرز کی فراہمی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

گھروں اور ہوٹلوں میں غیر رجسٹرڈ غیر ملکی کرایہ داروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

صرف ویلڈ ویزے (قانونی اجازت نامے) رکھنے والے غیر ملکیوں کو قیام کی اجازت ہوگی، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

نادرا، ایف آئی اے اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مکمل اشتراک

ان اقدامات کو مؤثر بنانے کے لیے نادرا اور ایف آئی اے کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ کا جامع نظام تشکیل دیا جا رہا ہے۔ پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو اس حوالے سے خصوصی ٹاسک سونپ دیے گئے ہیں تاکہ ہر ضلع میں یکساں انداز میں کارروائیاں عمل میں لائی جا سکیں۔

عوام کا تحفظ، ریاست کی ترجیح

یہ اقدام نہ صرف عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہے بلکہ ان عناصر کے خلاف بھی ہے جو غیر قانونی طریقوں سے قیام کر کے سیکیورٹی اور سماجی ڈھانچے کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ حکومت کا عزم ہے کہ اسلام آباد اور مضافاتی علاقے جلد ہی محفوظ ترین خطوں کی فہرست میں شامل ہوں گے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button