
لندن: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک اس وقت درست سمت میں گامزن ہے اور معیشت میں نمایاں بہتری آچکی ہے۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں کسی 27 ویں آئینی ترمیم کی ضرورت نہیں، کیونکہ "ہم فی الحال 26 ویں ترمیم کو مؤثر طور پر نافذ کر رہے ہیں”۔
لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، اور ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کی فضا قائم ہو چکی ہے۔
نائب وزیراعظم نے اس دوران برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکرٹری ہمیش فالکنر سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اسٹریٹجک تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا، اور عالمی برادری سے اس دیرینہ مسئلے کے پرامن حل میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔
اسحاق ڈار نے لندن میں واقع پاکستانی ہائی کمیشن میں دو اہم سہولتی منصوبوں کا افتتاح بھی کیا جن میں ‘اراضی ریکارڈ سروسز کی فراہمی’ اور ‘ون ونڈو پاسپورٹ پروسیسنگ سسٹم’ شامل ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو زیادہ مؤثر، شفاف اور سہل خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔