
لندن: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لندن میں برطانوی پارلیمانی انڈر سیکرٹری ہمیش فالکنر سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک-برطانیہ تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر گفتگو کی۔
ملاقات میں علاقائی و عالمی صورتحال، مشرق وسطیٰ، افغانستان اور پاکستان کے تناظر میں ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہمیش فالکنر برطانوی وزارت خارجہ میں پارلیمانی انڈر سیکرٹری برائے مشرق وسطیٰ، افغانستان اور پاکستان کے امور کے نگران ہیں۔ ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط میں بہتری کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔