
صوابی: خیبرپختونخوا میں مون سون کے نئے اسپیل کے آغاز کے ساتھ ہی شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ نے تباہی مچا دی ہے۔ ضلع صوابی کے گاؤں داڈوری اور سر کھوئی پایان میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللہ کے مطابق علاقے میں گزشتہ شب سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری تھا، جس کے دوران آج صبح 8 بجے کلاؤڈ برسٹ کی اطلاع ملی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 15 سے 20 مکانات بری طرح متاثر ہوئے ہیں جبکہ 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی غیر مصدقہ اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، تاہم تاحال کوئی لاش برآمد نہیں ہو سکی۔
ڈی سی صوابی نے بتایا کہ یہ گاؤں تقریباً 40 سے 50 گھروں پر مشتمل ہے اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع صوابی کی امدادی ٹیمیں پہلے ہی بونیر میں جاری امدادی سرگرمیوں میں مصروف تھیں، اسی لیے دیگر اضلاع سے مدد طلب کی گئی ہے۔ ہری پور سمیت مختلف علاقوں سے ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں جبکہ کمشنر خود امدادی آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ڈی سی کے مطابق بعض متاثرہ علاقوں میں ہیلی کاپٹر کی ضرورت محسوس ہوئی، تاہم ریسکیو ٹیموں نے زمینی راستوں سے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فوری امداد فراہم کی۔
یاد رہے کہ صرف دو روز قبل خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں خصوصاً بونیر، سوات اور باجوڑ میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں کے باعث وسیع پیمانے پر جانی نقصان ہوا تھا، جہاں سیکڑوں افراد جاں بحق اور درجنوں دیہات متاثر ہوئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔