
وادی نیلم : آزاد کشمیر کی خوبصورت وادی نیلم میں سیاحت کے لیے جانے والی ایک جیپ خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثے میں 5 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ وادی نیلم کے علاقے شنڈداس میں پیش آیا، جہاں کیل سے تاؤبٹ جانے والی سیاحوں کی جیپ گہری کھائی میں جاگری۔ جاں بحق ہونے والوں میں گاڑی کا ڈرائیور اور ایک خاتون سیاح بھی شامل ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمی کو نکال کر اے ڈی ایس ہلمت اسپتال منتقل کر دیا ہے، جہاں زخمی کا علاج جاری ہے۔ جاں بحق افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق جیپ موڑ کاٹتے ہوئے پھسل کر نیچے جاگری۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں وادی نیلم سمیت بالائی علاقوں میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ دیکھا گیا ہے، مگر پہاڑی علاقوں میں خطرناک راستوں اور خراب موسم کے باعث حادثات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
حکام نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور خطرناک راستوں پر ڈرائیونگ میں خصوصی احتیاط برتیں۔