
نیویارک / ویٹی کن سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک): اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے پاکستان اور بھارت میں حالیہ سیلابوں کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی ملک نے باضابطہ طور پر مدد کی درخواست کی تو اقوامِ متحدہ فوری طور پر امدادی کارروائیوں کے لیے تیار ہے۔
متاثرہ خاندانوں سے تعزیت، یکجہتی کا پیغام
اقوامِ متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک کے مطابق، سیکریٹری جنرل نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
"یہ وقت ہے کہ ہم متاثرین کے ساتھ کھڑے ہوں۔ اقوامِ متحدہ ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، بشرطیکہ باضابطہ مدد طلب کی جائے۔”
پاکستان میں قیامت خیز تباہی، خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثر
پاکستان میں حالیہ دنوں ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب نے وسیع پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ صرف خیبرپختونخوا میں دو دن کے دوران 323 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ ملک بھر میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 657 سے تجاوز کر چکی ہے۔
گوتیریس کا 2022 کا دورہ یاد
یاد رہے کہ 2022ء میں بھی پاکستان کو بدترین سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس پر انتونیو گوتیریس نے ذاتی طور پر پاکستان کا دورہ کیا تھا اور سندھ و بلوچستان کے متاثرہ علاقوں میں جا کر تباہی کا جائزہ لیا تھا۔ اُن کا یہ دورہ عالمی سطح پر پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کی ایک نمایاں مثال کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔
پوپ کا خصوصی دعا اور ہمدردی کا پیغام
دوسری جانب ویٹی کن سٹی سے بھی اظہارِ ہمدردی کا پیغام موصول ہوا ہے۔ پوپ لیو چہار دہم نے اتوار کو عبادت کے دوران پاکستان، بھارت اور نیپال کے متاثرین کے لیے خصوصی دعا کی۔
پوپ نے کہا:
"ہم ان تمام افراد کے ساتھ دعا میں شریک ہیں جو بارشوں اور سیلاب کی آفت سے دوچار ہیں۔ ہماری ہمدردی ان خاندانوں کے ساتھ ہے جو دکھ اور مشکلات سے گزر رہے ہیں۔”