پاکستانتازہ ترین

پنجاب میں بھی کلاؤڈ برسٹ کا الرٹ جاری، بارشوں کا نیا سلسلہ آج سے 19 اگست تک جاری رہنے کا امکان

اسلام آباد / لاہور / پشاور (نمائندہ خصوصی)
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کر دی ہے جو آج سے شروع ہو کر 19 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔ پنجاب میں کلاؤڈ برسٹ کا الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس پر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جب کہ سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔ مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

ادھر محکمہ آبپاشی نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں اور گلیشیئرز کے پگھلنے سے پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ ادارے کے مطابق:

دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب

تربیلا اور تونسہ بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب

دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب

دریائے چناب، جہلم اور ان سے ملحقہ نالوں میں فی الحال پانی کا بہاؤ معمول پر ہے

ڈیموں کی صورتحال پر جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تربیلا ڈیم 96 فیصد اور منگلا ڈیم 67 فیصد تک بھر چکا ہے، جس سے خدشہ ہے کہ مزید بارشیں پانی کے ذخائر کو حد سے زیادہ بھر سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ اور شدید سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، جس میں 313 افراد جاں بحق اور 156 زخمی ہو چکے ہیں۔ متعدد علاقے متاثر ہوئے، درجنوں مکانات تباہ اور کئی رابطہ سڑکیں کٹ گئیں۔

محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ نشیبی علاقوں سے دور رہیں، غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button