پاکستانتازہ ترین

بٹ خیلہ: جے یو آئی کے مقامی رہنما مفتی کفایت اللہ کے گھر فائرنگ، بیٹا اور بیٹی جاں بحق، اہلیہ سمیت خود بھی زخمی

مالاکنڈ (نمائندہ خصوصی) — خیبر پختونخوا کے ضلع مالاکنڈ کی تحصیل بٹ خیلہ میں جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے ضلعی امیر مفتی کفایت اللہ کے گھر میں افسوسناک فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ان کے بیٹے اور بیٹی جاں بحق جبکہ مفتی کفایت اللہ اور ان کی اہلیہ شدید زخمی ہو گئیں۔

گھر کے اندر سے فائرنگ، بیٹے پر الزام

لیویز حکام کے مطابق یہ دلخراش واقعہ مفتی کفایت اللہ کے گھر کے اندر پیش آیا، جہاں ان کے بیٹے نے مبینہ طور پر فائرنگ کی اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور لیویز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے، تاہم تاحال گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔

لاشیں اور زخمی اسپتال منتقل، حالت بہتر

جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال بٹ خیلہ منتقل کیا گیا۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ مفتی کفایت اللہ کی حالت اب خطرے سے باہر ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کو بھی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

تصویر سے متعلق وضاحت

ابتدائی خبروں میں واقعے سے مرکزی رہنما مفتی کفایت اللہ (سابق ایم پی اے) کی تصویر نشر کر دی گئی تھی، جو غلط فہمی کا باعث بنی۔ بعد ازاں وضاحت کی گئی کہ فائرنگ کا شکار ہونے والے جے یو آئی (ف) کے مرکزی نہیں بلکہ ضلعی سطح کے رہنما ہیں۔ اس غلطی کی نشاندہی پر تصویر فوری طور پر درست کر دی گئی۔

تحقیقات جاری، فضاء سوگوار

واقعے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تفتیشی عمل جاری ہے، جبکہ علاقے میں فضا سوگوار ہے۔ سیاسی و مذہبی حلقوں نے اس واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر کے انصاف فراہم کیا جائے گا۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button