
اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) – وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا کے علاقے ریگی میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر خیبرپختونخوا پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بروقت اور مؤثر کارروائی کے ذریعے سی ٹی ڈی اور پولیس نے 18 مقدمات میں مطلوب، انتہائی خطرناک بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، جو ملک دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا تھے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کسی بھی اندرونی یا بیرونی خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ فتنۂ ہند کے دہشتگردوں کا خاتمہ نہ صرف ایک بڑی کامیابی ہے بلکہ ملک میں امن و امان کے قیام کی جانب ایک اہم قدم بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
محسن نقوی نے آپریشن میں شریک تمام افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، دلیری اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے انہیں "قومی ہیروز” قرار دیا، اور کہا کہ ان کی یہ قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔