
لاہور (نیوز رپورٹر) – نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سیاسی تبدیلیوں کا معیشت پر اثر نہیں پڑنا چاہیے، ملکی ترقی کے لیے پائیدار معاشی پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بطور سابق صدر لاہور چیمبر، وہ کاروباری زبان اور صنعت کاروں کے مسائل کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعت کاروں کو برآمدات میں اضافے پر توجہ دینی چاہیے تاکہ ملکی معیشت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ بزنس کمیونٹی کے مسائل سے آگاہ ہیں اور ان کے حل کے لیے ہمیشہ سے سرگرم رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میثاقِ معیشت کے قیام کے لیے انہوں نے بھرپور کوششیں کیں کیونکہ یہ قومی ترقی کے لیے اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے گزشتہ دور حکومت میں معاشی حالات بہتری کی جانب گامزن تھے، اور ان پالیسیوں کے تسلسل سے معیشت میں مزید بہتری آ سکتی ہے۔
اختتام پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے جو کلمہ طیبہ کے نام پر قائم ہوا، اور ہمیں اپنی معاشی اور سیاسی پالیسیوں کو اسی جذبے کے تحت آگے بڑھانا ہوگا۔