
راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)
پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قوم کے نام خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے تمام اہلِ وطن کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ:
"ہم اپنے بزرگوں اور برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاکستان عالمِ اسلام کا ایک ناقابل تسخیر قلعہ ہے اور بین المذاہب ہم آہنگی و مذہبی آزادی کی بہترین مثال ہے۔”
دہشتگردی کے خلاف جنگ اور "معرکۂ حق”
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھاری جانی و مالی قیمت چکائی۔
"آپریشن بنیان مرصوص” کو فیلڈ مارشل نے افواجِ پاکستان کے ولولے اور قربانی کی علامت قرار دیا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ:
"بھارتی سرکار نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس پر قوم کی حمایت سے ہم نے آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے بھرپور جواب دیا۔”
امن کی خواہش، مگر دفاع میں کوئی سمجھوتہ نہیں
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کا خواہاں ہے، مگر
"اپنی آزادی اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اگر کسی نے ہماری سالمیت کو چیلنج کیا تو بلا ہچکچاہٹ فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔”
کشمیر و فلسطین پر دوٹوک مؤقف
آرمی چیف نے اپنے پیغام میں کہا کہ:
"پاکستان مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی جدوجہد آزادی کا مکمل حامی ہے، مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دینا ہے۔”
انہوں نے فلسطینی عوام سے بھی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری اقدامات کی اپیل کی تاکہ ان کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ممکن ہو۔
شہداء کو خراجِ تحسین اور قوم کے لیے عزم
فیلڈ مارشل نے معرکۂ حق کے شہداء کو سلامِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ:
"ہم اپنی تمام توانائیاں پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے وقف کرتے ہیں۔ پاک فوج ہر قسم کے روایتی، غیر روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے۔”