پاکستانتازہ ترین

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو آذربائیجان کا اعلیٰ ترین عسکری اعزاز "پیٹریاٹک وار میڈل” عطا

راولپنڈی (13 اگست 2025): پاکستان اور آذربائیجان کے مابین بڑھتے ہوئے عسکری تعلقات کے اعتراف میں آذربائیجان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ’’پیٹریاٹک وار میڈل برائے خدمات برائے فوجی تعاون‘‘ سے نواز دیا۔

یہ اعلیٰ عسکری اعزاز آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی جانب سے آذری چیف آف جنرل اسٹاف کرنل جنرل کریم ولیوف نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں خصوصی ملاقات کے دوران آرمی چیف کو پیش کیا۔

دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون پر گفتگو
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی اشتراک کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور آذربائیجان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے عسکری تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

گارڈ آف آنر، یادگارِ شہداء پر حاضری
جی ایچ کیو آمد پر آذربائیجان کے چیف آف جنرل اسٹاف کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں، کرنل جنرل ولیوف نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھا کر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

"معرکۂ حق” اور دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں”
کرنل جنرل کریم ولیوف نے ’’معرکۂ حق‘‘ کے دوران پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قومی اتحاد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف کوششیں دنیا کے لیے ایک مثال ہیں۔

انہوں نے یومِ آزادی اور معرکۂ حق کی فتح کے موقع پر پاکستان کی قیادت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا اظہارِ تشکر
فیلڈ مارشل نے آذربائیجان کے اعلیٰ فوجی اعزاز پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا:

"یہ ایوارڈ نہ صرف میرے لیے بلکہ پاکستان کے تمام دفاعی اداروں کے لیے اعزاز اور فخر کا لمحہ ہے۔”

انہوں نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن معاہدے کی کامیاب تکمیل پر کرنل جنرل کریم ولیوف کو مبارکباد بھی دی۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button