
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کے شکایتی سیل کا جعلی انچارج بن کر سرکاری افسران کو بلیک میل کرنے والا نوسرباز سلمان نواز قانون کی گرفت میں آ گیا۔ جعلسازی اور دھوکہ دہی پر مبنی اس کارروائی نے متعلقہ حکام کو حرکت میں لا دیا، جس کے نتیجے میں ملزم کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، سلمان نواز نامی شخص نے خود کو وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل کا انچارج ظاہر کرتے ہوئے سی ای او ہیلتھ بہاولپور کو دھمکی آمیز فون کیا اور مبینہ طور پر 50 ہزار روپے کا مطالبہ کیا۔ یہی نہیں، اسی جعلساز نے اسسٹنٹ کمشنر جام پور کو بھی فون کر کے رقم طلب کی۔
ذرائع کے مطابق ملزم مختلف سرکاری افسران کو بلیک میل کر رہا تھا اور خود کو بااختیار سرکاری اہلکار ظاہر کرتا تھا۔ متاثرہ افسران کی شکایات پر سی ایم کمپلینٹ سیل کے چیئرمین شعیب مرزا نے فوری نوٹس لیا اور پولیس کو سخت ایکشن کی ہدایت کی۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو بروقت گرفتار کر لیا۔ اس حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ قانون کسی کو بھی عوامی اداروں یا ان کے نام پر جعلسازی کی اجازت نہیں دیتا، اور اس طرح کے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے قائم کردہ کمپلینٹ سیل کا مقصد عوامی مسائل کا فوری حل ہے، اور اس کا غلط استعمال کرنے والے افراد قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکیں گے۔