انٹرٹینمنٹ

سلمان خان اور ان کے ساتھی فنکار خطرے میں! بشنوی گینگ کی جانب سے قتل کی دھمکیاں، کینیڈا میں فائرنگ کا واقعہ بھی منظر عام پر

ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان ایک بار پھر خطرناک گینگ کے نشانے پر آ گئے ہیں۔ اس مرتبہ نہ صرف سلمان خان بلکہ ان کے ساتھ کام کرنے والے پروڈیوسرز، ہدایت کاروں اور اداکاروں کو بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، لارنس بشنوی گینگ کے سرگرم رکن ہیری باکسر نے ایک آڈیو پیغام کے ذریعے اعلان کیا ہے کہ جو بھی سلمان خان کے ساتھ کسی فلم یا شو میں کام کرے گا، اُسے گولی مار دی جائے گی۔

یہ خطرناک بیان اُس واقعے کے صرف ایک دن بعد سامنے آیا ہے، جب کینیڈا میں واقع کپل شرما کے "کیپس کیفے” پر فائرنگ کی گئی۔ کپل شرما، سلمان خان کے کامیڈی شو کے میزبان ہیں اور ان کے ساتھ قریبی پیشہ ورانہ تعلق رکھتے ہیں۔ حملہ خوش قسمتی سے جانی نقصان کے بغیر ختم ہوا، مگر کیفے کی عمارت پر گولیوں کے نشانات واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

کیفے انتظامیہ کی جانب سے انسٹاگرام پر جاری بیان میں کہا گیا:

"ہم اس واقعے سے شدید صدمے میں ہیں، مگر ہم ہار نہیں مانیں گے۔”

آڈیو کلپ میں ہیری باکسر نے واضح کیا کہ صرف بڑے نام ہی نہیں، بلکہ سلمان خان کے ساتھ کام کرنے والے چھوٹے فنکار بھی ہدف بنیں گے۔ اس دھمکی کی بنیادی وجہ سلمان خان کا 1998 میں پیش آیا کالا ہرن شکار کیس ہے، جس کے بعد سے وہ بشنوی گینگ کے نشانے پر ہیں۔

ادھر کینیڈا میں گینگ کی بڑھتی ہوئی پرتشدد سرگرمیوں کے باعث اس گروہ کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔
بھارتی پولیس اور انٹرنیشنل ایجنسیز حرکت میں
سلمان خان کی سیکیورٹی پہلے ہی سے سخت ہے، تاہم تازہ دھمکیوں کے بعد بھارتی سیکیورٹی ادارے اور بین الاقوامی ایجنسیاں بشنوی گینگ کے خلاف مزید کریک ڈاؤن کی تیاری کر رہی ہیں۔

فلم انڈسٹری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، اور کئی اداکار و پروڈیوسر اس معاملے پر حکومتی تحفظات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button