کرسٹیانو رونالڈو کی گرل فرینڈ جارجینا روڈریگیز نے انگوٹھی کی تصویر شیئر کر کے شادی کی افواہیں بڑھا دیں
ریاض (12 اگست 2025) — سعودی عرب کے مشہور فٹبال کلب النصر سے وابستہ اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی گرل فرینڈ اور ہسپانوی ماڈل جارجینا روڈریگیز نے ایک بار پھر اپنی انگوٹھی کی تصویر شیئر کرکے شادی کی خبروں کو زور پکڑ دیا ہے۔
جارجینا نے سوشل میڈیا پر 30 قیراط کی قیمتی ہیرے کی انگوٹھی کی تصویر شیئر کی ہے، جس کی قیمت 10 سے 50 لاکھ ڈالر کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔ انہوں نے تصویر کے ساتھ لکھا، "میں ہاں کہتی ہوں، اس جنم میں اور اس کے بعد آنے والے تمام جنموں میں”، جس سے یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ رونالڈو نے بلآخر شادی کا ارادہ کر لیا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب جارجینا نے ایسی انگوٹھی کی تصویر شیئر کی ہو، اس سے قبل بھی متعدد بار انگوٹھی کے ساتھ مبہم کیپشنز آنے کے بعد دونوں کی منگنی کی خبریں گردش میں رہتی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، رونالڈو نے 2020 میں جارجینا کو برانڈ کارٹیئر کی انگوٹھی تحفے میں دی تھی، جس کی قیمت تقریباً 615 ہزار پاؤنڈز ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگیز 2016 سے ایک ساتھ ہیں اور ان کے دو بچے ہیں، عالیانہ (7 سالہ) اور بیلا (2 سالہ)۔ رونالڈو کے کل پانچ بچے ہیں، جن میں سے ایک بیٹا "کرسٹیانو رونالڈو جونیئر” 2010 میں پیدا ہوا تھا، جس کی ماں کے بارے میں انہوں نے کبھی وضاحت نہیں کی۔ مزید برآں، 2017 میں رونالڈو کے جڑواں بچے بھی سروگیسی کے ذریعے پیدا ہوئے تھے، جن میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔




