محمد آصف ورلڈ گیمز اسنوکر کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے، پاکستان کے لیے میڈل کی امید جاگ اٹھی
اسلام آباد (12 اگست 2025) — پاکستان کے محمد آصف نے ورلڈ گیمز اسنوکر کے کوارٹر فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برطانیہ کے زیک کوسکر کو 2-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
محمد آصف نے پہلے فریم میں 51 کا متاثرکن بریک کھیلتے ہوئے 79-15 سے کامیابی حاصل کی، جبکہ دوسرے فریم میں 89-31 سے حریف کو زیر کیا۔ اب وہ میڈل سے صرف ایک جیت کے فاصلے پر ہیں۔ سیمی فائنل میں فتح محمد آصف کے لیے یقینی طور پر میڈل کا راستہ کھول دے گی، جبکہ اگر وہ سیمی فائنل میں شکست کھاتے ہیں تو انہیں برانز میڈل کے لیے مقابلہ کرنا ہوگا۔
ورلڈ گیمز کی تاریخ میں پاکستان اب تک صرف ایک میڈل جیتا ہے، جو کہ 2001 میں شوکت علی نے اسنوکر میں برانز میڈل حاصل کیا تھا۔ محمد آصف کی یہ کامیابی پاکستانی اسنوکر کے لیے ایک نیا سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے۔
پاکستانی شائقین کو محمد آصف کی کارکردگی پر فخر ہے اور امید کی جارہی ہے کہ وہ سیمی فائنل میں کامیابی حاصل کر کے پاکستان کو ورلڈ گیمز میں دوسرا میڈل دلوائیں گے۔




