
اسلام آباد (12 اگست 2025) — پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) اور پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے نکالنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا ہے۔
جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس دوران درخواست گزار کے وکیل علی عظیم آفریدی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل کا 13 اگست کو بیرون ملک روانگی کا پروگرام ہے، تاہم فہرستوں میں نام شامل ہونے کے باعث انہیں سفر سے روکا جا رہا ہے۔
وکیل نے عدالت کو مزید بتایا کہ عدالتی حکم کے باوجود اعظم سواتی کو ایئرپورٹ پر جانے کی اجازت نہیں ملی، جو کہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
دورانِ سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ اعظم سواتی کا نام اب کسی بھی فہرست میں شامل نہیں ہے، اور انہیں سفر کی مکمل اجازت ہے۔ ایف آئی اے کے نمائندے نے بھی عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ درخواست گزار بیرون ملک جا سکتے ہیں۔
عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد اعظم سواتی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔